پاک چین روابط مزید موثر بنانے پر اتفاق

209

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اور چین نے چینی باشندوں کی سیکورٹی کے لیے روابط کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی دہشت گردی جیسے واقعات سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات متاثرنہیں ہوں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے چین کے محکمہ خارجہ سلامتی امورکے قونصلر وینگ ڈیکشیو نے چینی ناظم الامور کے ہمراہ بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں پاک ۔چین دوطرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہسانحہ جامعہ کراچی جیسے واقعات سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات متاثرنہیں ہوں گے۔ملاقات میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور چینی سفارتخانے کے درمیان روابط مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چینی قونصلر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں میں مالی اورتکنیکی معاونت جاری رکھے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزارت داخلہ میں فارن نیشنل سکیورٹی سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستان میں غیرملکی باشندوں بالخصوص چینی شہریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موثررابطہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے لیے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے لیے وفاق اورصوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کو موثر بنایا جاررہاہے۔