اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی حکومت نے بلوچستان کے لاپتا افراد کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم کردہ کمیشن کی تشکیل کے خلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست وزارت داخلہ کی جانب سے دائرکی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے28 اپریل کو طالب علموں کی درخواست پر کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیشن تشکیل دیتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کیا، کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، اداروں کے افراد کو شامل کیا گیا، کمیشن کو طالب علموں کو سیکورٹی خدشات، نسلی تعصب اور جبری گمشدگیوں پر تحقیقات کرنے کا کہا گیا، کمیشن ایکٹ کے تحت صرف حکومت ہی کمیشن تشکیل دے سکتی ہے، حکومتی ادارے بنیادی حقوق کے نفاذ پر مکمل یقین رکھتے ہیں، لاپتا افراد کے معاملے کو پہلے سے قائم کمیشن میں بھجوانا چاہیے تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عظمیٰ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دیے گئے حکم کو کالعدم قرار دے۔