اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوتا ہے تو پھر پاکستان میں کوئی بھی حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا فیصلہ کرنے والے کان کھول کر سن لیں، تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی، فیصلوں کا وقت آگیا ہے، اگر آپ فیصلے نہیں کریں گے تو تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔
اسلام آباد کال سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ مجھے بھی نہیں معلوم کہ عمران خان اسلام آباد کی کال کب دیں گے، دھرنے سے متعلق عمران خان وقت آنے پر فیصلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کھڑی ہو چکی ہے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے سر نہیں جھکانا، لانگ مارچ میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کی نمایندگی بھی ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی سے متعلق سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل طور پر عمران خان کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہے، اگر عمران خان کو کچھ ہوتا ہے تو پھر پاکستان میں کوئی حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔
کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ ایم کیو ایم سے پوچھیں وفاق پچھلے سال کتنی بجلی کراچی کو دے رہا تھا اور اب کتنی بجلی فراہم کی جارہی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس میں کتنی کمی ہوئی ہے، کراچی والے ایم کیو ایم سے پوچھیں کہ شہر سے زیادتی کے خلاف انھوں نے کتنے مظاہرے کیے۔