عدالتی فیصلے سے شہباز اور حمزہ کی حکومت ختم ہوگئی ، صدر اسمبلیاں توڑ دیں ، فواد چودھری

101

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا دعویٰ ہے عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حکومت ختم ہوگئی ہے، صدر مملکت اسمبلیاں توڑ دیں۔آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ان لوگوں پر تاحیات نااہلی بھی آگئی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج اکثریت کھو چکے ہیں۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے پاس 173 ووٹ ہیں، 3 لوگ ن لیگ سے علیحدہ ہوچکے ہیں، صدر مملکت اعتماد کا ووٹ کا کہیں گے تو ان کے پاس 169 ارکان ہیں۔ سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت میں حمزہ کے پاس 171 ارکان ہیں، 186 چاہئیں، فیصلے کے نتیجے میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حکومت ختم ہوگئی ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو آج ہی عہدے سے علیحدہ ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بھی وفاق میں اکثریت ختم ہوچکی ہے، صدر سے درخواست ہے کہ اسمبلی توڑ دیں، صوبائی اسمبلی توڑ دی جائے، نئے الیکشن کی طرف بڑھاجائے، اسمبلیاں برخاست ہورہی ہیں، ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ یہ جیت عمران خان کا ساتھ دینے والوں کی ہے، کنفرم ہوگیا ہے کہ منحرف لوگ نااہل ہوگئے ہیں ان کاووٹ شمار نہیں ہوگا۔ فواد چودھری نے ٹوئٹر پر الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت سے متعلق بیان میں کہا کہ صرف الیکشن ہی نہیں کرانا ہوتا انتخابی عمل کا با اعتماد ہونا بھی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی نگراں حکومت نہیں بن سکتی، تحریک انصاف کواعتماد میں لیے بغیر الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرا سکتا۔