لاہور (اے پی پی) ڈائریکٹر لائیواسٹاک بہاولپور ڈویژن ڈاکٹرسید عامر محمود بخاری انتقال کر گئے۔ڈاکٹر عامر محمود بخاری محکمہ لائیواسٹاک پنجاب کے ایک بہترین آفیسر تھے۔ جنہوں نے انتھک محنت، لگن اور جانفشانی سے بہاولپور ڈویژن کے دور دراز علاقوں اور چولستان کے صحراں میں بھی لائیواسٹاک فارمرز کو سہولیات کی فراہمی میں ہمیشہ عملی کردار ادا کیا۔ مرحوم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن جبکہ ویٹرنری یونیورسٹی لاہور سے شعبہ فزیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ ڈاکٹر سیدعامر محمود بخاری 1998 میں محکمہ لائیوسٹاک سے بطور ویٹرنری آفیسر منسلک ہوئے اور 2019 سے بطور ڈائریکٹر بہاولپور ڈویژن کام کر رہے تھے۔ محکمانہ افسران نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سید عامر محمود بخاری نہایت محنتی آفیسر تھے اور انہیں انتظامی و تکنیکی امور پر عبور حاصل تھا۔ گرمی کی حالیہ شدید لہر کے دوران چولستان کے دور دراز اور انتہائی گرم علاقہ جات میں مرحوم ڈاکٹرسید عامر محمود بخاری اپنی ٹیم کے ہمراہ لائیوسٹاک فارمرز کے حالات کا جائزہ لیتے رہے اور آخری دن تک ویٹرنری سروسز کی فراہمی کیلئے کوشش کرتے رہے۔ قرآن خوانی کی تقریب میں مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔