چینی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ، خاتون خودکش بمبار گرفتار

284

ہوشاب/ لاہور/ پشاور (صباح نیوز/ نمائندہ جسارت/ اے پی پی) ہوشاب میں سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی اور ویمن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد ہوئے ہیں‘ خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے‘ خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلہ کو نشانہ بنانا چاہتی تھی۔ علاوہ ازیں کائونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے4 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ہفتے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں18انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے جس میں18مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکاخیز و دیگر ممنوع مواد برآمد کر لیا۔گرفتار دہشت گردوں میں لشکر جھنگوی کا رکن فضل الٰہی، تحریک طالبان کے رکن محمد یاسر بشیر، عبداللہ خان اور بلال قاسم شامل ہیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی مردان ریجن کی اہم کارروائی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے9خطرناک دہشت گرد گرفتارکر لیے ‘ جن میں مجرمان اشتہاری محب اللہ، احسان اللہ پسران سیف الرحمن، افتخار، سمیع اللہ، عرفان، عصمت اللہ پسران سیف الرحمن، فرہاد علی ولد عربستان ، اشتیاق ولد افتخار اور عبدالرازق ولد لعل رحمان شامل ہیں جن کے قبضہ سے 2 خود کش جیکٹ اور4 عدد راکٹ لانچر کے گولے اور بارودی مواد و دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔