عمران کومعیشت تباہ کرنے کاجواب دینا ہوگا،مریم اورنگزیب

106

اسلام آباد (اے پی پی ،این این آئی،صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے ادوار میں معاشی، اقتصادی اور اشیا کی قیمتوں کا موازنہ جاری کر دیاہے ۔ان کاکہنا ہے کہ عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑاکیا، تاجراورعوام ملک تباہ کرنے والوںکواچھی طرح پہچان چکے ہیں،عمران خان کو معیشت تباہ کرنے کاجواب دینا ہوگا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم روف کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروبار کے لیے سازگار ماحول مہیا کرنا ہے، پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت کی بحالی کے لیے نجی شعبے اور چیمبر آف کامرس کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وفد میں گروپ لیڈر سہیل الطاف، اسمال چیمبر کے صدر شیخ آصف ادریس اور چیمبر ممبراکرام عباسی شامل تھے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ تاجر برادری کو موجودہ غیر یقینی کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، اگر سخت فیصلے کرنے ہیں تو فوری کیے جائیں تاکہ معاشی صورتحال بہتر اور غیر یقینی کی صورتحال ختم ہو۔ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ادوارمیں معاشی، اقتصادی اور اشیا کی قیمتوں کا موازنہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نواز شریف دور میں ڈالر 116 روپے تھا، عمران خان نے 189 روپے پر پہنچا دیا، 1947 سے 2018 تک 71سال میں تمام حکومتوں نے مل کر24 ہزار 953 ارب روپے قرضکیا، اس کے برعکس عمران خان نے صرف ساڑھے 3 سال میں قرض کو 42 ہزار 745ارب روپے تک بڑھا دیا، نواز شریف نے قومی ترقی کی شرح 6.1 فیصد پر پہنچائی، عمران خان نے اسے منفی تک پہنچایا، نواز شریف کے دور میں مہنگائی3.9 فیصد تھی، عمران نے اسے 13 فیصد پر پہنچایا۔