ہمارا سارا ملبہ موجودہ حکومت پر پڑگیا یہ دب کر مرجائیں گے،شیخ رشید

217

فیصل آباد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے ملک نہیں سنبھل رہا‘ یہ فیصلے نہیں کر پا رہے‘ ہماری حکومت کی کارکردگی کا ملبہ بھی ان پر گر گیا اور اس ملبے تلے دب کر یہ سیاسی طور پر مرجائیں گے۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ملک کے حالات اتنیخراب، ابتر اور تشویشناک ہوچکے ہیں کہ اب فوری طور پر 31 مئی سے قبل انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے‘ ملک میں نگراں حکومت بنادی جائے اور نگراں وزیراعظم کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت قوم کو بتائے کہ یہ آئی ایم ایف کے پاس جا رہے ہیں یا نہیں، وزیر اعظم اور وزرا 4 دن لندن میں گزار کر آگئے مگر اپنے دفاتر نہیں جا رہے‘ حکومت کو کچھ نہیں پتا کہ کیا کرنے جا رہے ہیں‘ یہ ٹھس ہونے جارہے ہیں‘ اگر ہم گھر بھی بیٹھ جائیں تو بھی یہ حکومت گھر جا رہی ہے‘ اس حکومت سے کوئی چیز نہیں سنبھل رہی جبکہ ملکی خزانے سے اس دوران 6 ارب مزید کم ہوگئے، مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے‘ آصف زرداری نے فیصل آباد کے گھنٹا گھر چوک میں گھیر کر ان کو مارا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے منصوبہ بندی کے تحت ان کو نہ ادھر کا چھوڑا، نہ ادھر کا‘ (ن) لیگ اب بلائے نواز شریف کو، انہیں پاکستان کا پاسپورٹ مل گیا ہے مگر جس جہاز میں وہ واپس آنے کے لیے سوار ہوں گے، دیگر مسافر اس طیارے سے یہ کہہ کر اتر جائیں گے کہ ہم چور کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔ انہوں نے موجودہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کے شیر علی نے 7 مئی کو پریس کانفرنس کی کہ رانا ثنااللہ نے 22 آدمیوں کو قتل کیا ہے‘ رانا ثنا اللہ کے خلاف اے این ایف کے پاس 15 گواہ موجود ہیں لیکن انہوں نے اپنے خلاف گزشتہ تاریخ پر فرد جرم عاید نہیں ہونے دی اور اب وہ مجھے دھمکی دے رہا ہے کہ گھر سے نکال کر مارے گا، لیکن اب حالات بہت آگے چلے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی عمران خان کی حکومت کے خلاف منصوبہ بندی کی‘ امریکا کو بھی زمینی حقائق کا پتا نہیں ہوتا، جس نے بھی منصوبہ بندی کی اس نے ہماری سیاست زندہ کردی اور یہ سارے زیرو ہوگئے ہیں، اس حکومت میں شامل تمام جماعتوں کا ستیاناس ہوگیا، ان کی سیاست دم توڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن اگر مزید تاخیر کا شکار ہوتے ہیں تو یہ عمران خان کی مزید خدمت ہوگی کیونکہ ان سے ملک نہیں سنبھل رہا‘ ان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے کچھ نہیں ملا، یہ خالی ہاتھ لوٹے ہیں‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں سے 6 ارب کم ہوچکے، 31 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہوجائے گا‘ مہنگائی کی جو قیامت غریب آدمی پر ٹوٹنے جارہی ہے اس سے یہ سیاسی طور پر مرجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مقتدر ادارے ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیں ان پر اور افواج پاکستان پر فخر ہے، لیکن ملک ڈوبتا ہوا کوئی نہیں دیکھ سکتا، اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو کیا کریں گے، حکومت ناکام ہوگئی، ملک میں اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا جانا میں دیوار پر لکھا دیکھ رہا ہوں‘آصف زرداری ان کو سیاسی طور پر غرق کرے گا‘ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، میں نہیں چاہتا کہ پاکستان سری لنکا بنے‘ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو یہ ملک سری لنکا بن جائے گا اور اس کے ذمے دار یہ حکمراں ہوں گے۔