اسلام آباد/ لندن (این این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو چیلنجز سے نکالنے کیلیے سب سے مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں۔ ذرائع کے مطابق معاشی پیکج اور انتخابی اصلاحات کی صورتحال کے پیش نظر نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سربراہان آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، سردار اختر مینگل، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، محمود اچکزئی و دیگر سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات سے متعلق ن لیگ کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا، عوام کو ریلیف دینے اور سبسڈی کو محدود کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اتحادی جماعتوں کے سربراہان نے نواز شریف کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو چیلنجز اور بحران سے نکالنا اولین ترجیح ہے، جلد عوام کو مشکلات سے چھٹکارہ حاصل ہوگا۔ نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سب سے مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں۔