چینی باشندوں پر حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دیں گے‘ وزیرخارجہ

285
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر قومی پرچم سرنگوں ہے، وزیرخارجہ بلاول زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سفارتخانے میں اپنے تاثرات قلمبند کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزارت خارجہ میں کراچی میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی باشندوں کی یاد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی باشندوں کی یاد میں وزارت خارجہ میں اکٹھے ہوئے ہیں، چینی اساتذہ پاکستانی طلبہ کو چینی زبان سکھا رہے تھے، ہم کراچی میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں اور عوام کو بھی خصوصی پیغام پہنچانا چاہتا ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی سے سب واقف ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ عوام کی درمیان بھی ہے، اس دوستی کو قائم کرنے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کا کردار سب کے سامنے ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چینی باشندوں پر دہشتگردی کا واقعہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیش آیاہے، کوئی بھی پاکستانی کبھی یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ ہمارے مہمانوں کو اس قسم کی دہشت گردی کانشانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی مثالیں موجود ہیں۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہفتہ کو یہاں یو اے ای کے سفارت خانہ جاکر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ مرحوم رہنما کی دانشمندانہ قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ناقابل فراموش خدمات قابل تحسین ہیں