سکھر: ایم کیو ایم سمیت دیگر پارٹیوں کے کارکنان تحریک انصاف میں شامل

271

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ۔پی ٹی آئی کے کارکنان کی جدوجہد سے انشاء اللہ مخالفین کو شکست ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم سکھر کے رہنما اور یوسی 9 ایم کیو ایم کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار محمد ذاکر بندھانی، جاوید بندھانی اور دیگر نے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ایم کیو ایم سمیت دیگر پارٹیوں کے کارکنان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی پر اعتماد کرتے ہوئے ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ تقریب میں پی ٹی آئی سکھر کے رہنما منور چوہان، ظہیر بابر، عبدالعزیز ابڑو،بلال سومرو، سید حسن شاہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبین جتوئی نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کا پیغام ہر جگہ پہنچا رہے ہیں،پی ڈی ایم اور اپوزیشن والوں کو پہلے مہنگائی کے طوفان نظر آ رہے تھے اب وہ طوفان نظر نہیں آ رہا، امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد کون مہنگائی کر رہا ہے،مہنگائی مارچ کرنے والے بلاول بھٹو زرداری سے پوچھا جائے مہنگائی کیوں کم نہیں کر رہے،موجودہ حکومت کے پاس الیکشن کے سوا اور کوئی نہیں، اس وقت حکمران پریشان ہیں کہ عوام کے پاس کیسے جائیں؟