پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا

300

لندن (جسارت نیوز)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے عالمی باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔جمعے کو انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں 27سالوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔میں ان ٹیموں جن کے ساتھ میں نے کام کیا، اپنے خاندان والوں ، دوستوں اور اپنے پرستاروں کا ان کی محبت اور حمایت پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے رواں سال فروری میں مانچسٹر میں کیل بروک کے خلاف چھٹے رائونڈ میں فائٹ ہارنے کے بعد عامر خان نے باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔میچ ہارنے کے بعد ان سے ایک رپورٹر نے پوچھا تھا کہ کیا وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے 35سالہ باکسر کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے، بلکہ میں باکسنگ سے ریٹائر ہوں۔عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے میں نے اپنی امید سے زیادہ (کامیابی) حاصل کرلی ہے۔ میں 17 سال کی عمر میں اولمپکس میں تھا، 22 سال کی عمر میں ٹائٹل جیت چکا تھا۔ میں بہت لمبے عرصے سے کھیل میں ہوں، بوڑھا ہوگیا ہوں۔