شہباز شریف کے ساتھ کام نہیں کرسکتا‘ ایم ڈی بیت المال مستعفی

413

اسلام آباد (آن لائن) ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بطور ایم ڈی خدمات سرانجام دی ہیں موجودہ وزیراعظم کے ساتھ کام نہیں کرسکتا۔ جمعہ کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم ڈی بیت المال نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل کے مہینے میںمیری تعیناتی بطور ایم ڈی بیت المال ہوئی تھی اور ایک سال کے دوران ادارے کو خوش اسلوبی سے چلایا، پاکستان کے ایک عظیم ادارے کی ذمے داری دینے پر سابق وزیراعظم کا مشکور ہوں۔ ایک سال کے دوران ہم نے گزشتہ 17سال سے التوا کا شکار معاملات کو حل کرکے ادارے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے غریب اور مستحق عوام کی فلاح و بہبود کیلیے قائم کیا گیا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو ذیادہ سے ذیادہ فنڈز فراہم کیے جائیں۔ اس وقت ادارے کے زیر اہتمام احساس لنگر پروگرام، احساس پناہ گاہیں اور دیگر فلاحی منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جاری ہیں، اسپتالوں میں مستحق مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔