ہمیں فروغ نسیم نے سب سے زیادہ خراب کیا، شیریں مزاری

457

اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے اپنی حکومت  کے سابق وزیر قانون پر الزام  عائد کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہمیں فروغ نسیم نے سب سے زیادہ خراب کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے ایک بار پھر مبینہ مراسلے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ خط کی پہلی لائن ہی یہ تھی کہ اگرعمران خان اقتدار میں رہے تو امریکا اور یورپی ممالک پاکستان کو تنہا کردیں گے، سائفر میں کہا گیا کہ عمران خان نے روس کا دورہ خود کیا ایسا نہیں تھا،  سب کے اتفاق رائے کے بعد عمران خان روس گئے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کس نے امریکا کو کہا کہ عمران خان خود روس گئے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ روس اس لیے کیا گیا تھا کہ گندم اور تیل سستی مل رہی تھی لیکن بیرونی سازش کا نتیجہ یہ نکلا کہ معیشت تباہ ہوگئی ہے، اب آئی ایم ایف نے کہہ دیا ہے جب تک فیول کی قیمت نہیں بڑھے گی پیکج نہیں ملے گا،  چوروں کو لا کر کوشش کی گئی کہ ایف آئی اے میں ان کے منی لانڈرنگ کے کیسز ختم کیے جائیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ شریف فیملی بھارت کے ساتھ اپنی پرائیویٹ تجارت کھولنا چاہ رہی ہے، اگر آپ بھارت کے ساتھ تجارت نہیں کررہے تو یہ کامرس آفیسرزکی تقرری کس لیے ہورہی ہے، کیا یہ نوازشریف اور اس کے خاندان کی بھارت سے تجارت کے لیے یہ ہورہا ہے؟

شیریں مزاری نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر (ن)لیگ کا حصہ بن چکا ہے، جو لوگ سندھ ہائوس گئے چیف الیکشن کمشنرکو ثبوت دیے، وہ قبول ہی نہیں کررہے۔سابق وزیر نے وزیر داخلہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ کی جرات کیسے ہوئی دھمکی دینے کی؟ رانا ثناکے پیچھے جو چھپی ہوئی قوت ہے وہ بھی ان کے پیچھے نہیں رہے گی، ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، رانا ثنا اللہ پہلے خود قانون سمجھ لیں، رانا ثنا پاگل شخص ہیں، اس قاتل نے دھمکیاں دینے کی ہمت کیسے کی۔ایک سوال کے جواب میں شیریں مزاری نے اپنی حکومت کے دور میں وزیر قانون کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فروغ نسیم نے سب سے زیادہ خراب کیا۔