عمران خان انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ راجا پرویز اشرف

504

فیصل آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجا پر ویز اشرف نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار سے آئینی ہتھیار سے بیدخل ہوجانے کے بعد اب کارکنوں کو اداروں کے خلاف اکسا کر انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، آج ملک میں عمران نیازی جو خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں وہ قومی اداروں کی سلامتی اور جمہوریت کیلیے زہر قاتل سے کم نہیں،وقت اور حالات ایک جیسے نہیں رہتے،جمہوری سوچ ہی ملک قوم اور سلطنت کو بچاتی ہے، نالائق خان نیازی اپنی سفاکانہ اور آمرانہ روش کی بدولت جمہوریت اور قومی سلامتی کے لیے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں، عمران خان مودی یاری کا کردار ادا کرنے سے باز رہے جس ملک کی وجہ سے عہدے اور اختیار ملا اسی ریاست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کوئی غیرت مند سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی اسپیکر چیمبر اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوھری عمر دراز آزاد کی قیادت میں وفاقی مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ،پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نیلم جبار چودھری و دیگر جیالوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجا پرویز اشرف نے قومی اداروں پر مسلسل تنقید کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے قومی اداروں پر مسلسل تنقید اور الزامات باعث تشویش اور قابل مذمت ہیں ،تحریک انصاف کی جانب سے لوگوں کو اپنے اداروں کے خلاف اکسانے کا کھیل بہت خطرناک کھیل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔