نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس ہوا،مریم اورنگزیب

358

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریا ت مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قائد(ن) لیگ محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست ہوئی ،موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پرقائد محمد نوازشریف کوتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیراطلاعات ونشریا ت مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیاگیا ،توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں،،حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نوازشریف کو آگاہ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا،اجلاس نے حکومت آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراپیش کیں ۔اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا ۔

اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں اتفاق رائے پایاگیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے،آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت حتمی فیصلوں کے لئے آج پھر اجلاس ہوگا ۔ اس اجلاس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی ۔تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا۔