چینی کی بر آمد پر پابندی کا فیصلہ درست ہے ، شاہد رشید بٹ

353

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بھارت سے تعلقات اپ گریڈ کرنے کی اطلاعات خوش آئند ہیں۔ ایسا فیصلہ درست اور ملک و قوم کے مفادات کے عین مطابق ہے۔ اس فیصلے سے پاکستان کو گندم سمیت متعدد سستی زرعی اور دیگر اشیاء تک رسائی حاصل ہو جائے گی ، عوام کو ریلیف ملے گااور ملک میں موجودبا اثر فوڈمافیا کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ ملک میں گندم کی زبردست کمی ہے جس کے حل کے لیے بھارت سے سستی گندم درآمد کر نا اچھاآپشن ہے۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہاکہ حکومت کا چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ درست ہے جس سے اس کی قیمت کم ہو رہی ہے۔حکومت نے آٹے کی قیمت کم کر دی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے ۔گندم کی درآمد سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے سے اس کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔اگست 2019 میں پاکستان نے بھارت سے باون ملین ڈالر کی اشیاء درآمد کیں جبکہ ڈھائی ملین کی برآمدات کیں جس کے بعد تجارت روک دی گئی۔تجارت کی بندش سے پاکستان میں مہنگائی بڑھ گئی اور مافیا کے عوام کی کھال اتار کر اپنی تجوریاں بھریں مگر اب صورتحال بدل رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات بہت ابتر ہو چکے ہیں اور ایسی صورتحال میں ملک مزید تنازعات کو بوجھ برداشت نہیں کر سکتا ہے۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے لیے گندم اور ادویات کی فراہمی کے لیے بھارت کو زمینی راستہ دینے سمیت متعدد اقدامات کر چکا ہے اور بھارت بھی ان اقدامات کا مثبت جواب دے تاکہ امن کو یقینی بنایا جا سکے اور دونوں ملک اقتصادی ماحولیاتی اور دیگر چیلنجوں سے بہتر طور پر نمٹ سکیں اوربڑھتی ہوئی غربت میں کمی لا سکیں ۔جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ممالک کے مابین امن ہی واحد آپشن ہے۔