عمران کی نااہلی سے پاکستان وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے،مریم نواز

267

صوابی (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ عمران خان نے جتنے مسائل پیدا کیے ٹھیک کرنے میں دو سے تین سال لگیں گے۔ صوابی کے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹا خط اور سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان کو نہ نواز شریف نے نکالا نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، عمران خان کو ان کے اپنے ایم این ایز نے نکالا، ان کے اپنے اراکین اسمبلی نے ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا، جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہو پھر جھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی۔مریم نواز نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کی بھی عمران سے جان چھوٹنی چاہیے، مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے۔ان کہنا تھا کہ عمران خان کو تحریک اعتماد سے نکالنا ضروری تھا، کیونکہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان کھائی میں گرنے جا رہا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کو کہتی ہوں عمران خان کی بری کارکردگی کا ٹوکرا اپنے سراٹھانے کی ضرورت نہیں، عمران خان کوعوام میں جانے دوتاکہ لوگ سوال پوچھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم تمہارے تماشے کو اچھی طرح سمجھتی ہے، شکایت یہ ہے جنہوں نے پہلے سر پر بٹھایا اب ساتھ دینے کو تیارنہیں، تمہاری غلاظت کا ٹوکرا افواج پاکستان کیوں اٹھائے۔