لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق اولمپئن اور کوچ ریحان بٹ نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرح ہاکی فائیو میں بھی پاکستان کی کامیابی کے روشن امکانات ہوسکتے ہیں،یہ تیز ترین اور نیا فارمیٹ ہے جس میں بال میدان سے باہر نہیں جاتی اور سب کھلاڑیوں کو ہر وقت متحرک رہنا پڑتاہے، گولز کی تعداد زیادہ ہونے سے فینزبھی اس میں گہری دلچسپی لیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ہاکی ٹیم سوئٹزر لینڈ کے شہرلوزانے میں ہاکی فائیو ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ یقین ہے کہ اس فارمیٹ میں ہمارے کھلاڑی بہت کچھ سیکھنے اور زیادہ بہتر پرفارمنس دینے کے قابل ہوں گے۔کوچ ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ کیمپ کے پہلے مرحلے میں فٹنس پر توجہ دی گئی، اب آخری مرحلے میں اسکلز ورک پر زیادہ فوکس کیاجارہاہے۔ اس وقت کیمپ میں 15 کھلاڑی ہیں جن میں حتمی 9 رکنی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ ایونٹ میں بھارت اور ملائیشیا کے ساتھ پولینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، کوشش ہوگی کہ بھارت اور ملائیشیا کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائیں۔دوسری جانب فائیو اے سائڈ پانچ ملکی ہاکی ایونٹ کی تیاریوں کے لیے قومی کیمپ کا آغاز ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں نے کوچ ریحان بٹ کی نگرانی میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ٹرینگ کا آغاز کردیا ہے۔ فائیو اے سائیڈ ایونٹ کے لیے ممکنہ پندرہ کھلاڑیوں نے کیمپ ٹریننگ شروع کردی ہے۔ حتمی اسکواڈ کا حصہ 9کھلاڑیوں کو 15مئی تک شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ قومی ہاکی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لیے 2 جون کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گی۔فائیو اے سائیڈ پانچ ملکی ایونٹ میں پاکستان، بھارت ، سوئٹزرلینڈ ، پولینڈ اور ملائشیا شریک ہوں گے۔فائیو اے سائیڈ ایونٹ 4اور 5جون کوسوئٹزرلینڈ میں کھیلا جائے گا۔