کمرشل مارکیٹ راولپنڈی سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا مطالبہ

271

راولپنڈی (اے پی پی) کمرشل مارکیٹ تجاوزات مافیا کے نرغے میں آگیا ، ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ، تاجر برادری نے کمرشل مارکیٹ راولپنڈی سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کردیا ،یہ مطالبہ مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔ مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کا اجلاس گذشتہ روز صدر راجہ توحید احمد کی زیرصدارت ہوا جس میں گروپ لیڈر رضوان سنی، چیئرمین سید شاھد علی شاہ، وائس چیئرمین حماد قریشی، جنرل سیکرٹری ساجد قریشی ، نائب صدر راجہ ظفر، ذاکر درانی، حاجی گلتاز خان، چوہدری مقصود، راجہ عمران، پاشا خان، راجہ اسلم، محفوظ خان اور دیگر نے شرکت کی۔ عہدیداران نے کہا کہ کمرشل مارکیٹ میں تجاوزات کی بھرمار سے پیدل چلنا بھی محال ہوگیا ، دکانداروں نے کئی فٹ تجاوز کرکے سڑک پر قبضہ کرلیا۔تجاوزات مافیا نے آدھی سے زائد سڑک پر قبضہ کیاہوا ہے۔جس کی وجہ سے ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے اور ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات لاحق ہیں۔ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن راولپنڈی تجاوزات کے خاتمے میں مکمل ناکام ہوکر عضو معطل بن چکی ہے اور عوام کو ان مافیاز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔انجمن تاجران نے تجاوزات مافیا کے خلاف بے رحم آپریشن کی اپیل کی ہے اور کہاہے کہ تجاوزات ختم کرکے ٹریفک روانی میں خلل اور شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بننے والے دکانداروں کا سامان ضبط کرکے ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں تاکہ یہ لوگ دوبارہ تجاوزات کرنے سے باز رہیں۔