سکھر(نمائندہ جسارت)سندھ میں پانی کی قلت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف بھی میدان میں آگئی ہے ، پاکستان تحریک انصاف ضلع سکھر کے کارکنان کی کثیر تعداد نے ملٹری روڈ سکھر انصاف ہائوس تا سکھر بیراج تک زیر قیادت ڈسٹرکٹ صدر ایڈووکیٹ ظہیر بابر ، سیکرٹری عبدالستار چاچڑ ، ڈویژنل نائب صدر منور خان چوہان ، سیکرٹری داوا خان و دیگر کے ریلی نکالی ، شرکا ریلی و کارکنان پارٹی پرچم اٹھائے نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی کے بحران کی ذمے دار امپورٹڈ حکومت ہے،پانی کے بحران کے باعث فصلیں شدید متاثر ہورہی ہیں آبادگاروں کو فصل کیلیے بروقت پانی فراہم نہ کیا گیاتو معاشی نقصان ہوگا۔