ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی حاجی علی حسن زرداری نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ اور مکلی کے عوام کو ایک میگا واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے کینجھر جھیل سے پانی فراہم کرنے کے لیے پی سی ون تیار کرکے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے تاکہ ان کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔ یہ بات انہوں نے محسن ہاؤس ٹھٹھہ میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے سینئر نائب صدر عبدالحمید پنہور، عاشق علی زرداری، پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے سیکرٹری اطلاعات محمود عالم شاہ، پی پی رہنما پیر زین العابدین جیلانی، سینئر صحافی و قانون دان کامریڈ گل محمد خشک اور شاہواز لوہار کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹھٹھہ کے حلقہ پی ایس 78 گھوڑاباری سے منتخب ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری نے کہا کہ ٹھٹھہ اور مکلی کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے کینجھر سے براہ راست 28 انچ کی میگا واٹر سپلائی اسکیم منظور کرائی جا رہی ہے جس کی پی سی ون محکمہ پبلک ہیلتھ نے تیار کر کے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے تاکہ ٹھٹھہ اور مکلی کے لوگوں کو پینے کے پانی کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مکلی کے لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے اضافی واٹر سپلائی تالاب کی تعمیر کے لیے بھی اسکیم منظوری کرائی جا رہی ہے جس کے کیلیے 12 ایکڑ زمین بھی مختص کی گئی ہے۔ ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ایک خصوصی منصوبے کے تحت کیٹی بندر سمیت ساحلی علاقوں کو سمندری خطرے سے بچانے کے لیے حفاظتی بندوں کی تعمیر پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔ اس ضمن میں محکمہ آبپاشی کے ماہرین کی جانب سے معاملہ شروع کیا گیا ہے، علاوہ ازیں ساحلی علاقوں کی ترقی اور بہتری کے لیے مختلف اسکیموں پر بھی کام جاری ہے تاکہ ساحلی علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں ضلع ٹھٹھہ کے عوام کا خادم ہوں اور انہیں کسی بھی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔