اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئین شکنی کے ساتھ ساتھ غنڈہ گردی کر رہی ہے، 3اپریل سے آئین شکنی کا شروع ہونے والا عمل آج تک پنجاب میں جاری ہے،وزارت قانون کو ہدایت کردی گئی ہے کہ اس طرح کی آئین شکنی کا سد باب کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کبھی کسی کو آئین پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہو۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں مشاورت کا عمل جاری رہتا ہے، ہم وہ کام کریں گے جو پاکستان اور عوام کے حق میں بہتر ہو،پی ٹی آئی میں مشاورت نہیں ہوتی، وہاں صرف ایک شخص کی بات سنی جاتی ہے، ان کی پارٹی میں ایک شخص کی ضد، تکبر اور فیصلہ سازی کے ذریعے معاملات چلائے جاتے ہیں اور اسی شخص کے حکم پر ملک میں آئین شکنی بھی کی گئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے اور تمام حقائق و حکومتی اقدامات اور منصوبوں سے قوم کو آگاہ کریں گے ۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگرپی ٹی آئی حکومت کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ ہوتا تو آج عمران خان کو جھوٹا سازشی خط دکھانے کی ضرورت نہیں پڑتی لیکن کیونکہ عمران خان کی کارکردگی کا صفحہ خالی ہے اس لیے وہ یہ جھوٹا سازشی خط لہرا رہے ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کچھ آئینی افراد آئین سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیرخرم دستگیر نے کہا کہ یکم مئی سے ملک میں لوڈشیڈنگ صفر ہے۔