آرمی چیف کے بارے میں غیر اخلاقی زبان استعمال کر نے پر نوٹس لینا چاہیے، شیخ رشید

115

 

اسلام آباد (صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بارے میں غیر اخلاقی زبان استعمال کر نے پر نوٹس لینا چاہیے‘فوج کے ترجمان نے مریم اور نوازشریف کوکہا‘ عمران خان فوج کو سیاست میں نہیں گھسیٹ رہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت پر اعتماد ہے اور ہونا چاہیے‘ عدالتوں پر اعتماد نہیں ہوگا تو یہ ملک نہیں چل سکتا‘ میرے پاک فوج سے تعلقات تھے‘ ہیں اور رہیں گے‘ مجھے اس پر فخر ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ 42 وزیروں میں سے 20 کے اوپرکیس ہیں‘ اس معاملے پر ہائی کورٹ آ رہا ہوں‘ ایسا وزیر داخلہ لگایا گیا جو22 افراد کا قاتل ہے‘ اے این ایف عدالت میں11 گواہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ منشیات فروش ہے‘ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرداخلہ نے کیسزمیں اپنے اوپر فرد جرم نہیں لگنے دی‘ میرا بھتیجا روز دھکے کھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ الیکشن ہونے جا رہے ہیں‘ تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 14 مرتبہ فوج کا نام لیا‘ کل مریم نواز نے جنرل فیض کا نام لیا‘ 14 مرتبہ جس نے آرمی چیف کے بارے میں غیر اخلاقی زبان استعمال کی ہو، اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانے ہوں گے، سوائے آصف زرداری کے سب الیکشن کے لیے تیار ہیں‘ (ن) لیگ اور جے یو آئی ف نے جلسے شروع کر دیے ہیں‘ تحریک انصاف پہلے ہی جلسے کر رہی ہے‘ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے‘ الیکشن ملکی حالات ٹھیک کرنے کا واحد حل ہے‘ مقتدرحلقوں کو سوچنا چاہیے کہ پاکستان کی بہتری الیکشن میں ہے‘ میں نے عدالت سے کوئی کمٹمنٹ نہیں کی‘ چیف جسٹس نے جوکہا، میرا فرض ہے کہ وہ عمران خان تک پہنچائوں۔