شہباز شریف اور ان کا بھائی اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہیں ، عمران خان

265
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پارٹی قیادت کے ساتھ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہیکہ شہباز شریف اور ان کا بھائی نوازشریف اس ملک کے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں، سارا شریف خاندان ہی جھوٹا ہے،میں سیاست نہیں کر رہا، ان کے خلاف جہاد کر رہاہوں، عمران خان کاجینا مرنا پاکستان میں ہے، میری باہر کوئی جایداد نہیں،میرے جانے اور ان کے آنے پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں۔اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج چور اچکوں، ڈاکوؤں کو قوم پر مسلط کردیا گیا ہے اور یہی بات لوگوں کودل پر لگی ہے، باپ اور بیٹے پر16 ارب روپے کے کرپشن کے مقدمات ہیں،شہباز شریف نے مجھ پر فوج مخالف بیانات دینے کا الزام لگایا ہے جس کا جواب جہلم میں ہونے والے عوامی جلسے میں دوں گا، تم نے امریکا کے ساتھ مل کر سازش کی اور حکومت کو گرایا،ڈونلڈ لوجیسا انڈر سیکرٹری حکم کر رہا ہے کہ اپنے وزیراعظم کو ہٹاؤ لیکن ان میں بیٹھا کوئی بے شرم کہتا ہے ایسے مراسلے آتے رہتے ہیں، ہم نے خود کو ڈی گریڈ کیا ہے اور ٹشو پیپر بنادیا ہے
اسی لیے ایسی تکبر بھری دھمکیاں آتی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساری باتیں پہلے سے کہہ رہاہوں، عوام غیرت مند ہے، دلیر ہے، کرپٹ اور بزدل اس قوم کے اوپربیٹھے ہیں، مجھے بتائیں کس ملک کاوزیراعظم لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں رہ رہاہو، یہ ملک میں لوٹنے کے لیے آتے ہیں، پہلے انہوں نے مشرف سے این آر او لیا، ان لوگوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا، پورے پاکستان کے کرمنل پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق مشکل وقت تو پی ٹی آئی کی حکومت کوملا تھا، 20 ارب ڈالرکا بیرونی خسارہ چھوڑکرگئے تھے،ہم سب سے زیادہ ڈالرلے کر آئے،برآمدات بڑھائیں، ملک میں 5 بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیدا وار ہوئی، ہمارے دورمیں سب سے کم بے روزگاری ہوئی، کورونا کی وجہ سے ساری دنیا متاثر ہوئی، ہم نے کورونا میں معیشت کو بھی بچایا اور لوگوں کو بھی،آئی ایم ایف کی رپورٹ تھی کہ پاکستان پائیدار ترقی کی جانب نکل پڑا ہے۔ اپنے اوپر مقدمات پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ہم کبھی اپنے ملک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے، ان کو شرم آنی چاہیے کہ مدینہ منورہ کے واقعے پر ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹ دیں، شہباز شریف نے سب سے زیادہ پولیس مقابلے میں لوگ مروائے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں، 20 تاریخ کے بعد کال دوں گا، جو اسلام آباد نہیں آسکتا، اپنے علاقے میں نکلے ، یہاں آکرکیا کریں گے ، وہ میں آپ کوبتاؤں گا، انہوں نے پلان کیا ہوا ہے عمران خان کو پکڑ لیں گے، یہ جو بھی پلان کریں گے اپنا نقصان کریں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے ملک بھر میں تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایپ کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 ء میں ہم نے کئی جگہ غلط ٹکٹ دے کر اپنا نقصان کرایالیکن اب ہم ماڈرن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس ہر قسم کا ڈیٹا آجائے گا، الیکشن کمیشن، امیدوارکی تصدیق کا بھی ڈیٹا آجائے گا۔