حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اپنے وعدوں کے مطابق مہنگائی کو قابو کرنے میں ناکام دیکھائی دے رہے ہیں۔ ٹماٹر، پیاز، سبزیاں، پھل، خوردنی تیل، آٹا، گوشت، مرغی، دالیں اور دیگر اشیاء خورونوش سب ہی مہنگی ہوگئی ہیں۔ حتیٰ کہ رمضان المبارک میں بھی تمام بچت بازار اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر کم داموں میں کھانے پینے کی اشیاء صرف زبانی وعدوں تک محدود تھیں۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے جن کے مطابق حالیہ ہفتے 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوا ہے جو غریب عوام کے لیے بے حد پریشانی کا باعث ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پرائز کنٹرول اتھارٹی بھی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے۔ پرائز کنٹرول اتھارٹی حکومتی طے شدہ قیمتوں کو نافذ العمل کروانے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے جس کے باعث ہر کوئی اپنے من مانے نرخوں پر اشیائے خورونوش فروخت کر رہا ہے۔ صدر چیمبر الطاف میمن نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، کمشنر حیدرآباد ڈویژن ندیم الرحمان میمن اور ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو سے مطالبہ کیا ہے کہ اِس مہنگائی کو جلد از جلد قابو کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو وعدوں کے بجائے حقیقی ریلیف دیا جاسکے۔