مسائل حل کرکے رہیں گے‘قوم کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتے‘ حمزہ شہباز

270

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کر کے دم لیں گے، عوام کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتے، عمران نیازی کی صورت میں ملک پر فتنہ مسلط تھا، اس کے جانے پر عوام خوش ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال چودھری سے ملاقات میں کیا۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے حمزہ شہباز کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حمزہ شہبازشریف کا وزیراعلیٰ بننا خوش آئند ہے،عوام کے مسائل ترجیح حل ہوں گے۔علاوہ ازیں حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے باتیں کر تے ہوئے انکشاف کیا کہ عمران نیازی نے پاکستان کے آئین اور سلامتی کے اداروں کو مذاق بنانے کی بھونڈی سازش کی ہے ۔قومی اداروں کے خلاف زہر آلود تقریریں کر کے عمران نیازی ملک میں انتشار کی فضا پیدا کرنا چا ہتے ہیں لیکن انہیں ہر محاذ پر شکست ہو گی تاہم انارکی پھیلانے والوں کے خلاف قانون حر کت میں آئے گا۔انہوں نے اس سے قبل میاں نوید علی کے والد احمد علی کے قتل پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ملزموں کو گرفتار کر کے یقینی طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کیاجائے۔