کراچی میں ایرانی خوردنی تیل کی اسمگلنگ عروج پر

361

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کسٹمزانٹیلی جنس ،محکمہ کسٹمزاوردیگراداروں کی ملی بھگت سے ایران سے ماہانہ اربوں روپے مالیت کے ایرانی کوکنگ تیل اورگھی کی اسمگلنگ کا مکروہ دھندہ ایک بارپھرعروج پر پہنچ گیاہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں ایرانی کوکنگ آئل اورگھی کی فروخت کھلے عام کی جارہی ہے حالانکہ ایرانی مصنوعات کی درآمدپر پابندی عائدہے اس کے باوجود ایرانی منصوعات میں شامل کوکنگ آئل اورگھی بڑی مقدارمیں فروخت ہورہا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ایران سے ماہانہ 10ارب روپے سے زائد کا ایرانی کوکنگ آئل اورگھی اسمگل کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ایرانی کوکنگ آئل اورگھی گوادر سے آنے والی مسافر بسوں میں اسمگل کیا جاتاہے، ایرانی کوکنگ آئل جو ایران سے 190روپے فی لیٹرمیں اسمگل کرکے مارکیٹ میں 370 روپے فی لیٹرفروخت کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اسمگل شدہ ایرانی کوکنگ آئل اورگھی یوسف گوٹھ کے ایک گودام میں مسافر بسوں کے ذریعے یہاں لاکر ذخیرہ کیاجاتاہے جبکہ یوسف گوٹھ تک آنے والے راستے میں محکمہ کسٹمز،کسٹمزانٹیلی جنس ،کوسٹ گارڈ اور پولیس کی درجنوں چیک پوسٹیں آتی ہیں لیکن وہاں تعینات کسٹمز اور دیگر اداروں کے اہلکار رقوم لے کر اسمگلنگ میں سہولت کارکا کرداراداکررہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ اسمگلروں کی جانب سے اسمگل کیا جانے والا ایرانی کوکنگ آئل اورگھی کراچی کے مختلف علاقوں لیاری،گلستان جوہر‘ ایف بی ایریا، سہراب گوٹھ، رضویہ، انچولی ، عزیز آباد، بفرزون، صفورہ گوٹھ ،کورنگی، لانڈھی ،قائد آباد اور دیگر علاقوں کی دکانوں میں پہنچایا جاتا ہے جہاں پر ایرانی کوکنگ آئل کی کھلے عام فروخت کی جارہی ہے اور جبکہ پریونٹیو کلکٹریٹ کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن اور کسٹمز انٹیلی جنس کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن سمیت اسمگلنگ کی روک تھام کے بجائے ماہانہ کروڑوں روپے کا بھتا وصول کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب کسٹمز انٹیلی جنس اورمحکمہ کسٹمزکی جانب سے پکڑے جانے والے ایرانی کوکنگ آئل اورگھی کی ماہانہ بنیادوں پر نیلامی کرکے اسمگلروں کا ساتھ دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد ہے لیکن محکمہ کسٹمزاورکسٹمزانٹیلی جنس ایرانی مصنوعات میں شامل ایرانی کوکنگ آئل اورگھی کی نیلامی کررہے ہیں۔ گزشتہ دنوں کسٹمزانٹیلی جنس نے 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ایرانی کوکنگ آئل کراچی کی بڑی کوکنگ آئل کمپنی کو نیلام کیا تھا۔