لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمر بھر سازشیں کرنے والا فتنہ عمران خان ملک کی سلامتی کے درپے ہے، آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور خانہ جنگی کو ہوا دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیا سیاست دانوں کی پگڑیاں اچھالنے، ہر آئینی ادارے کو گالی دینے والے شخص کو کھلی چھوٹ ہے کہ پاک فوج کو صرف اس لیے تماشا بنائے کہ وہ آئینی حلف پر قائم ہے؟۔ اپنی نااہلی سے ملک کو تباہ و برباد کرنے کے بعد اس کی شکایت صرف یہ ہے کہ میرا ساتھ کیوں نہیں دے رہے؟ میرا ساتھ نہیں دو گے تو شرمناک القابات سے پکاروں گا؟۔ یہ احسان فراموش اپنے ہی محسنوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے۔