اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم سی پیک کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون کو بڑھانے، پائیدار ترقی کے اہداف کے قومی نفاذ کو آگے بڑھانے کیلیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے،انہوں نے جی ڈی آئی گروپ آف فرینڈز پر زور دیا ہے کہ وہ ترقی پذیر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور صحت عامہ اور ویکسین ایکویٹی میں تعاون بڑھانے، خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے، توانائی کی پیداوار بڑھانے، عالمی معیشت کو فروغ دینے، تجارت اور صنعت کاری کو فروغ دینے کیلیے ہنگامی اقدامات کی حمایت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیویارک میں ورچوئل فارمیٹ میں منعقدہ گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے گروپ آف فرینڈز کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے وڈیو خطاب میں کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ متعدد بحرانوں نے ترقی کیلیے فنانسنگ میں فرق کو بڑھا دیا ہے، انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے مناسب وسائل کو متحرک کرے اور موسمیاتی فنانس میں سالانہ کم از کم 100 بلین ڈالر فراہم کرنے کے عزم کو پورا کرے۔ وزیر خارجہ نے چین کے ساتھ تعاون پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر تیزی سے عمل درآمد بھی شامل ہے، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ وزیر خارجہ نے جی ڈی آئی شروع کرنے کے چین کے اقدام کو سراہا اور اسے عالمی سطح پر متفقہ پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد کی کوششوں کو تیز اور مربوط بنانے کے لیے ایک مفید پلیٹ فارم قرار دیا۔