ضلع وسطی اورضلع کورنگی میں گھر سے کچرا اٹھانے (فرنٹ اینڈ کلیکشن) کی افتتاحی تقریب

621

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،

حکومت سندھ نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا، ضلع وسطی اور کورنگی کے مختلف زونز میں گھر گھر کچرا اٹھنے سے لینڈ فل سائٹ پر پہنچنے والے کچرے کی مقدار 10ہزار ٹن ہوجائے گی، کچرا اثاثہ ہے، سونا ہے، اسے خام مال کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے،

سندھ حکومت نے ویسٹ انرجی پالیسی ترتیب دی ہے تاکہ سستی بجلی پیدا کرکے شہریوں کو دی جاسکے، عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں ریلیف دینے کے لئے ہم سے جو کچھ بھی ہوسکا ضرور کریں گے، سندھ حکومت اور سندھ کابینہ کا ہر فرد لوگوں کی خدمت کے لئے کوشاں ہے، ہم سب مل کر اس شہر، صوبے اور پورے پاکستان کو بہتر بنائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پاپوش نگر میں ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد زون، ضلع کورنگی ماڈل کالونی اور لانڈھی زون میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے (فرنٹ اینڈ کلیکشن) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم،چیف ایگزیکٹو آفیسر گینزو کنسٹرکشن کمپنی لیو تاؤ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سینئررہنماء سردار احمد اور دیگر افراد بھی موجود تھے،

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بعد کراچی کا دوسرا بنیادی مسئلہ ٹرانسپورٹ تھا، سندھ حکومت نے اورنج لائن بس پروجیکٹ کو آئندہ چند ہفتوں میں فعال کرنے کی تیاری کرلی ہے،

کراچی کے لئے 240 نئی بسوں کی منظوری دی جاچکی ہے، یہ بسیں کراچی کے لئے روانہ ہوچکی ہیں عنقریب شہری انہیں سڑکوں پر رواں دواں دیکھیں گے، ایمبولینس سروس 1122 کے لئے 288 نئی ایمبولینس گاڑیاں بھی آئندہ چند ہفتے میں کام شروع کردیں گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لانگ مارچ کے ذریعے سیاسی کچرا صاف کرنے کے بعد سندھ کے شہری علاقوں کو بھی کچرے سے پاک کریں گے، صفائی کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے والی کچرا مافیا سے سختی سے نمٹا جائے گا،

بہتری لانے کے لئے سیاسی کارکنوں اور سوشل ورکرز کو مل کر کام کرنا ہے، عمران خان ایسی باتیں نہ کریں جس سے ملک میں مزید انتشار پھیلے، سندھ حکومت کا ہر فرد صوبے اور شہر کی ترقی کے لئے دن رات محنت کررہا ہے، بہتری کی جانب یہ سفر جاری رہے گا،

وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج سے ضلع وسطی کے ایک اہم زون اور کورنگی کے دو زونز میں گھر گھر کچرا اٹھانے کے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جولائی کے آخر تک ضلع وسطی کے دیگر زونز میں بھی کچرا صفائی کا آغاز کردیا جائے گا،

اب تک چائنز کمپنی کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے اس میں مزید بہتری لانے کے لئے عوام اور میڈیا کا تعاون درکار ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ حکومت سے وابستہ ہر فرد مسلسل کام کر رہا ہے تاکہ پورے صوبے میں بہتری لائی جاسکے،

مشکلات آتی ہیں، رکاوٹیں بھی ڈالی جاتی ہیں مگر میں یقین دلاتا ہوں کہ سالڈ ویسٹ کے ورکرز کو مکمل تحفظ دیں گے اور اگر کہیں سے کوئی شکایات آئیں تو اس پر سخت ایکشن لیا جائے گا،

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جہاں جہاں کچرا اٹھانے کا کام ہو رہا ہے وہاں کے لوگ خود اس کا گواہ ہیں، اس کے باوجود اگر کسی کو شکایت ہو تو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے دفاتر ان کے لئے کھلے ہیں،

انہوں نے کہا کہ انوکھے لاڈلے یہ سمجھتے تھے کہ ہم حکومت میں ہیں تو سب ٹھیک ہے اگر نہ رہے تو سب خراب ہوگا، خان صاحب کو چاہئے کہ ہوش کے ناخن لیں، ہمارے اتحادی قابل احترام ہیں،

الیکشن کے لئے تیار ہیں، پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے، وزیراعظم کے سامنے بھی یہ مسئلہ اٹھایا ہے کہ پانی کی کٹوتی منصفانہ ہونا چاہئے،

امید ہے کہ جلد صورتحال میں بہتری آئے گی، منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر احمد چنہ نے کہا کہ اگست کے آخر تک ضلع وسطی میں سو فیصد کچرا اٹھانے کا کام شروع ہوجائے گا،کچرا کنڈیاں، گندگی اور تعفن کا سبب ہیں لہٰذا انہیں بتدریج ہر علاقے سے ختم کردیا جائے گا، شہر کو کلین اور گرین بنانے کی کاوشیں اسی وقت کامیاب ہوں گی جب ہر شخص اس کام میں ہمارا ساتھ دے گا،

تقریب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر چائنز کمپنی لیو تاؤ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کراچی میں کچرے کی صفائی کے کام میں ہم پر جو بھروسہ کیا گیا ہے اس کے لئے سندھ حکومت کے مشکور ہیں اور کراچی کو صاف اور شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر کرتے ہیں،

جلد ہی کراچی کے باقیماندہ علاقے بھی کچرے سے پاک نظر آئیں گے جس سے لوگوں کو سہولت ملے گی، بعدازیں صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر گھر گھر کچرا اٹھانے کے کام کا افتتاح کیا اور اس مقصد کے لئے ضلع وسطی اور کورنگی کے عملے کو دی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔