ضلع وسطی ، محکمہ تعلیم میں من پسند جونیئر افراد کو نوازنے کا انکشاف

263

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے محکمہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر ریٹائرڈ اورسینئر افسران کی موجودگی میں من پسندجونیئر افراد کو نوازے جانے کا انکشاف ہو اہے۔ڈائریکٹر ایجوکیشن وسطی کی اہلیہ کی دوست اورسابق پرنسپل فوزیہ انجم کوضلع کا اکیڈمک انچارج تعینات کیا گیا۔نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ میں جونیئر افراد کو تعینات کیا گیا۔ذرائع کے مطابق رابعہ بصری گورنمنٹ گرلز اسکول میںبطور پرنسپل خدمات انجام دینے والی فوزیہ انجم ڈیڑھ سال قبل 2020ء میں ریٹائرڈ ہو چکی تھی تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن وسطی کی جانب سے عدالتی احکامات کے برخلاف ان کو چیئرمین اکیڈمک کمیٹی وسطی تعینات کردیاتھا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ خاتون جس اسکول کی پرنسپل تھی وہیں پرڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اسلم خان کی اہلیہ بھی تعینات تھی ۔ذرائع کا مزید کہنا تھاکہ مذکورہ خاتون کو نوازے جانے کی بڑی وجہ ڈائریکٹر اسکول کی اہلیہ کی دوست بھی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھاکہ اسی اسکول کے ایک کلرک فیصل عباس کو کوآرڈی نیشن انچارج وسطی بنادیا گیا۔جس کے تحت وہ اب 16گریڈ تک کے افسران سے بھی پوچھ گچھ کر یں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل ڈسیزز کوٹہ پر بھرتی ہونے والے قاصد کوبھی رابعہ بصری اسکول میں تعینات کردیا گیا جبکہ وہاں اس سے قبل قاصد شاہ جہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ رابعہ بصری گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں رات میں 2چوکیداروں پرویز اور افسرکی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے محکمہ تعلیم کے نارتھ کراچی ٹائون میں زاہد حسین بطور انچارج ،گلبرگ ٹاون میں عائشہ قمر جبکہ نارتھ ناظم آباد ٹائون میں طلعت صدیقی کو انچارج لگا یا گیا ہے۔جبکہ ڈسٹرکٹ میں سینئر افراد میں عامر حسین،عرفان احمد،میڈم مہتاب اور میڈم تسنیم کوثر سمیت کئی لوگ ان عہدوں کے اہل ہیں۔ ٹاون کی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر گریڈ 17کی سیٹ ہوتی ہے اور اس پر تعیناتی بھی گریڈ 17کے افسران کی کی جانی چاہیے تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن کی جانب سے من پسند جونیئر افردا کی تعیناتی سمجھ سے بالاتر ہے۔