عمران خان کے سی پیک آڈٹ سے چین سخت ناراض ہے،مدت پوری کرینگے،وزیراعظم

397
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور/ اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے سی پیک کا برا حال کیا ہے، عمران خان نے سی پیک منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کروایا جس سے چینی دوست سخت ناراض ہیں۔ شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، آئینی طورپر اگست 2023 تک حکومت کی مدت ہے، آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا سوال قبل از وقت ہے ، جب وقت آئے گا دیکھ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سی پی این ای کے عہدیداروں نے ملاقات کی، سی پی این ای کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازریف کا کہنا تھا کہ پیکا آرڈیننس پر حکومت کی اجازت کے بغیر عدالت عظمیٰ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے والے ایف آئی اے کے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعظم نے وزیرقانون اعظم رفیق تارڑ کو ہدایت کی کہ پیکا آرڈیننس پر فوری نظرثانی کی جائے، آزادی صحافت کے منافی شقیں فوری ختم کی جائیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ملکی تاریخ کے بد ترین مالیاتی خسارے کا شکار ہے، عمران نیازی نے سی پیک کا برا حال کیا ہے، عمران خان نے سی پیک منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کروایا جس سے چینی دوست سخت ناراض ہیں، مارچ میں تیل کی قیمتیں منجمد کرکے عمران خان نے اگلی حکومت کے لیے بارودی سرنگ بچھائی، اب پرندہ پنجرے میں پھڑپھڑا رہا ہے، ہم عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں مگر عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتیں ہمارے پاؤں کی زنجیر ہے، یوکرین جنگ کے باعث دنیا بھرمیں مہنگائی زوروں پر ہے، ہم نے تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، ہم پر آئی ایم ایف کا بہت زیادہ پریشر ہے، پاکستان قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ سعودی عرب اور یو اے ای میں ہمیں بہت عزت ملی، ہم نے انہیں مدد کی درخواست کر دی ہے، فیصلہ اب انہوں نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ الیکشن میں اتحاد بنایا جائے، نومبر سے متعلق تبدیلوں کا سوال ابھی قبل از وقت ہے،ہماری تو ابھی مدت تین ہفتے کی ہے، ہم نے عام آدمی کو ریلیف دیا، ان کو نیب سیاسی گٹھ جوڑ اور دن رات گالیوں سے فرصت نہیں تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا مؤقف وہی ہے جو کشمیریوں کا ہے، کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونے سے پاکستان اور بھارت اچھے ہمسایوں کی طرح رہ سکیں گے، پاکستان کی معاشی خوشحالی اور مضبوطی کشمیریوں کو ہماری طرف راغب کرے گی، ہم مضبوط ہوں گے تو ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، ’’ baggers can’t be choosers‘‘ والی بات پر میں آج بھی قائم ہوں، جب تک ہم مضبوط نہیں ہوں گے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ایبٹ آباد میں کیے جانے والے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، ایبٹ آباد میں ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا اس لیے قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی اور اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا، وہ اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اْس نے کھایا۔مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے شیشپر گلیشیئرکے باعث بننے والے جھیل سے پانی کے اخراج سے ہونے والی تباہی پر ہنگامی اقدامات کاحکم دیدیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت اورمحفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے اور وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپورمعاونت کا حکم دیا ہے،وزیراعظم نے نقصانات اور متاثرہ عوام کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو لاہور میں کینال روڈ پر سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کے 320 بستروں پر مشتمل اسپتال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے اسپتال کی تعمیر میں معاونت کرنے والوں نے دنیا و آخرت میں بھلائی کمائی، اسپتال کی تعمیر انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے ہزاروں لوگ آنے والے دنوں میں اس اسپتال سے مستفید ہو نگے، جدید آلات سے لیس اس اسپتا ل میں مستحق مریضوں کا علاج مفت مہیا کیا جائے گا۔