ایبٹ آباد:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شانگلہ میں ایک شخص کہہ رہا تھا وہ اپنے کپڑے بیچ دیگا، اس کے بدبو دار کپڑے بلاول بھی نہیں خریدیں گے۔
تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابات کیلئے تیار ہیں، جے یو آئی ف، ن لیگ الیکشن مہم کے لیے نکل گئی ہیں، پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرے خلاف 11 جگہ پر مقدمہ درج کروایا گیا میں نہیں گھبرایا، یہ دو ووٹوں کی اکثریت کی حکومت ہے، یہ پاکستان کی زندگی اور موت کی تحریک ہے۔
انہوںنے کہاکہ فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیزل اس ملک کا صدر بننا چاہتا ہے، عمران خان کو غیر ملکی سازش کا نشانہ بنایا گیا، گزشتہ روز اے این ایف نے 15 شہادتیں پیش کیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قسمت میں جیل لکھی ہے، جو وزیر اعظم بنا ہے اس پر کرپشن کے کیسز ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ چور اور لٹیرے کابینہ میں بیٹھ گئے ہیں، خلیجی ممالک میں ان کو عزت نہیں ملی، جس پر فرد جرم عائد ہو رہی تھی وہ وزیراعظم بن گیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں حالات سے باخبر ہوں، یہ آگ بہت دور تک جا پہنچی ہے، اس آگ کو میں سمجھتا اور جانتا ہوں، مجھ پر مقدمہ بنا لیں میں ان سے نہیں گھبراتا، میں نے ہری پور میں بھی ایک سال جیل کاٹی ہے۔