اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ کے پاس عمران خان کی کوئی وڈیو نہیں ہے، پی ٹی آئی کی کرپشن کے ٹو پہاڑ کے برابر ہے، خزانے کو نقصان پہنچانے والا جیل جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ تحریک انصاف نے مسجد نبوی ﷺ میں جو ہلڑ بازی کی اس پر سر شرم سے جھک گیا، اس واقعے کی وجہ سے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے سختیاں شروع ہو گئی ہیں۔عمران خان کی جانب سے بیرونی سازش کے الزامات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لیٹر گیٹ سے متعلق انکوائری شفافیت سے قوم کے سامنے پیش کی جائے گی، حکومت انکوائری کمیشن بنا سکتی ہے، جوڈیشل کمیشن حکومت کا اختیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتے ہیں تو عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں، چیف جسٹس کو پہلے ہی خط جا چکا ہے، اگر وہ سمجھتے ہیں تو کمیشن قائم کر سکتے ہیں۔