سانگھڑ (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانی عوام کو ایک دوسرے کے خلاف اکسا اور انتشار پیدا کررہے ہیں، آج اگر لوگوں نے انہیں پٹخا ہے تو وہ دماغی توازن کھوچکے ہیں، کرسی چھن جانے کے بعدعمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، مسجد نبوی واقعے پر دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی ہوئی ہے، مقدس مقام پر جو اس شخص نے یہ گند کیا ہے اس کا حساب اللہ تعالیٰ اس سے لے گا۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان جس طریقے سے بھی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے انہوں نے ایک دن بھی کسی کی عزت نہیں کی اور وہ ہر روز لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے اور گالیاں دیتے ہیں انہوں نے اس ملک کیلیے سوائے مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی کے کچھ بھی نہیں کیا۔