میر پور خاص ، مرغی کا گوشت 50روپے فی کلو مہنگا

544

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص میں مرغی کے گوشت کی اُونچی اُڑان ایک دن میں 50 روپے فی کلو اضافہ قیمت 600 روپے کلو تک جا پہنچی، مرغی مافیا نے اپنی اجارہ داری قائم کر کے مرغی کے گوشت کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیں،بون لیس مرغی کی فی کلو قیمت 860 روپے کردی گئی،مرغی شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہوگئی،ذرائع کے مطابق ان دنوں مرغیوں میں بیماری کی وجہ سے مرغیاں مر رہی ہیں جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں مرغی مافیا کی من مانیاں عروج پر ہیں ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اور مرغی مافیا کے گٹھ جوڑ کے باعث میرپورخاص میں مرغی کے گوشت کی اونچی اڑان جاری ہے جس سے مرغی مافیا کی چاندی ہو گئی ہے ضلعی انتظامیہ کی مرغی مافیا کو کھلی چھوٹ دینے کے باعث مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ایک روز میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مرغی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر 600 سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے اور گزشتہ روز 550 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والا مرغی کا گوشت 600 روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ بون لیس چکن کی قیمت میں ایک روز میں 110 روپے فی کلو اضافہ کرکے اس کی قیمت 860 روپے فی کلو کردی گئی اسی طرح باربی کیو آئٹم کے لیے ملنے والے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ کرکے فی کلو قیمت 640 روپے ہوگئی ہے جسکی وجہ تکہ240 سے 280 روپے ملائی بوٹی 150 سے 200 روپے چکن بوٹی 100 سے 150 روپے زنگر برگر 180 سے 230 روپے اور کڑہائی گوشت کی فی کلو قیمت 1500 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پولٹری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مرغیوں میں کوئی بیماری پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر مرغی فارموں میں ڈھیروں مرغیاں مر رہی ہیں جس کے باعث پولٹری فارم کے مالکان اپنے نقصان کو پورا کرنے کے لیے مرغی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔