دادو ( نمائندہ جسارت ) دادو پریس کلب کی جانب سے عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ، ایس ایس پی دادو عرفان سمون سمیت صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی دادو عرفان سمون نے عید ملن پارٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دادو میں امن و امان کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں کافی حد تک بدامنی پر قابو پایا گیا ہے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے کسی بھی واقعے کے بعد پولیس کا بروقت ریسپانس ضروری ہوتا ہے۔ ایس ایس پی دادو کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر سمیت پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحافی کا معاشرے کی بہتری کے لیے اہم کردار ہوتا ہے صحافیوں کی نشاندہی ہی سے مسائل تک پہنچ جاتے ہیں، شہر کی بہتری کے لیے ہر وقت کوشاں ہوں، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی سمیت صفائی ستھرائی کے لیے زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر دادو کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے مستقبل کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں جبکہ عید ملن پارٹی میں دادو پریس کلب کے صدر صابر بھنڈ کا کہنا تھا کہ شہر کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ سے ہمارا تعاون جاری رہے گا ۔