چینی کمپنیوں کی 28ارب ڈالر کے نئے منصوبوں میں دلچسپی

200

لاہور (کامرس ڈیسک) چیئرمین ٹا ئون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے چینی کمپنیوں کی طرف سے سی پیک کے تحت پاکستان میں 28ارب ڈالر زکے نئے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کرنے کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کمپنیوں نے گوادر میں آئل ریفائنری، ملک میں فائبر آپٹک نیٹ ورک، موبائل فون بنانے کے کارخانے سمیت16 منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹا ئون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی،سید عباس احسن وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے متعدد منصوبے پیش کیے گئے جن میں سے سب سے بڑے منصوبے کی تجویز دو چینی کمپنیوں کے کسنورشیم نے پیش کی ہے جس کے تحت گوادر میں 19ارب ڈالر کی لاگت سے ریفائنریز اور کارخانے لگائے جائیں گے جن میں پیٹروکیمیکل اور انڈسٹریل پارک پسنی شامل ہے، جس میں آئل ریفائنری،سیمنٹ پلانٹ، واٹر ڈی سیلینشن پلانٹ اور بجلی کے کارخانے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ساڑھے چار ارب ڈالر کا ری سائیکلنگ پارک لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس کے تحت لوہے، دھات اور کاغذ کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے پلانٹ لگائے جائیں گے تاکہ انہیں برآمد کیا جاسکے نیز چینی کمپنی کی طرف سے ایل این جی کو ذخیرہ کرنے کا پلانٹ بھی لگانے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کاری، تجربہ اور پاکستان کی افرادی قوت سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی صنعتوں کا قیام،روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہوں گے،غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔