سندھ کو زرداری کی اگلی نسل کے ہاتھوں میں بیچ دیا گیا‘مصطفی کمال

294

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ بلدیاتی قانون کی غیر موجودگی میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطلب اختیارات اور وسائل پر صوبائی حکومتوں کا مکمل قبضہ ہے۔ آرٹیکل 140 اے پر مکمل عملدرآمد کروائے بغیر نا تو پاکستان کے مسائل حل ہوسکتے نہ ملک ترقی کرے گا اور نا ہی معیشت بہتر ہوگی۔ ملک کے حالات بہت تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔ عمران خان نے اپنی نااہلی سے چوروں اور لٹیروں کو ملک پر ناصرف زیادہ طاقتور بنا کر مسلط کر دیا ہے بلکہ سندھ کو زرداری کی اگلی نسل کے ہاتھوں میں بیچ دیا۔ ایم کیو ایم تحریک انصاف کی حکومت میں رہتے ہوئے عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے آصف زرداری سے ملاقات کررہی تھی، یہ مہاجروں کی اقدار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان ہاؤس میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر پارٹی زمہ داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے رب العالمین کے محبوب رحمت اللعالمین محمد ? کی ریاست مدینہ کو مزاق بنا کر دکھ دیا۔ ریاست مدینہ کسی زمین کے ٹکڑے کا نام نہیں بلکہ پتھر مارنے والوں کو پہاڑوں کے بیچ دبانے کا آپشن ہونے کے باوجود معاف کر دینا، کانٹے بچھانے والوں کی عیادت اور احد پہاڑ کو سونے کا بنا کر بھی تین دن میں غریبوں میں تقسیم کرنے جیسے حضرت محمد کے عظیم کردار کا نام ریاست مدینہ ہے۔ جبکہ عمران خان کی ریاست مدینہ میں دو نمبر ڈی جی نیب کی غیر اخلاقی ویڈیو بنوا کر اپنے قریبی ساتھی کے چینل پر لیک کرائی گئی تاکہ اپنے مخالفین کے خلاف کیس بنوائے اور اپنی مرضی کے فیصلے کروائے جائیں۔