اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عید کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں خونریزی کا خدشہ ظاہر کردیا۔ایک انٹرویو اور راولپنڈی میںشیخ رشید نے کہا کہ لانگ مارچ خوفناک، تشویش ناک اور گمبھیر ہوسکتا ہے، اس کے نتائج الٹے پڑسکتے ہیں، حالات خراب ہوگئے تو عمران خان کی بس کی بات نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پھنس گئی ہے، 2 ووٹ کی اکثریت سے امپورٹڈ حکومت کو لایا گیا، کوئی بھی جماعت ایم کیو ایم ، باپ، جی ڈی اے، سالک، چیمہ گروپ میں سے کوئی بھی علیحدہ ہوجائے تو یہ حکومت ختم ہوجائے گی، یہ غلام حکومت ہے جو لیٹی ہوئی ہے، جیسے کہا جائے گا ویسے کرے گی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس بے ہودہ طریقے سے عمران خان کو ہٹانے کا سامراجی منصوبہ بنایا گیا ، اس سے عمران خان کو زندہ کردیا گیا اور اس کی سیاسی پوزیشن بہت مضبوط ہوگئی، لوگوں نے اسے غیرت اور ملکی خودداری کا معاملہ بنادیا اور عمران خان کو غیرت مند رہنما قرار دے دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے لندن سے بیٹھ کر 14 مرتبہ گالیاں دی ہیں، شہباز شریف نے 14 مرتبہ بوٹ چاٹے اور ضمانت دی، بوٹ پالیشیے کی کوئی حیثیت نہیں، قوم الیکشن کی تیاری کرے اس کے سوا کوئی حل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کچھ بھی نہیں صرف ٹھینگا ملا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کے دنوں میں نواز شریف سے جو ملاقاتیں ہو رہی تھیں وہ اور اس وقت کے وزیراعظم عمران خان اْس سے باخبر تھے۔ ایک غلط طریقے سے سامراج اور بین الاقوامی طاقتوں نے جو پلان بنایا وہ الٹ ہوگیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارا ملبہ ادارے پر نہیں ڈالنا چاہیے، جو لوگ سارا ملبہ ادارے پر ڈال رہے ہیں ان سے کہتا ہوں کہ ایسا مت کرو، فوج پاکستان کا بہت عظیم ادارہ ہے، ان کی بہت قربانیاں ہیں۔