لاہور (نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدحمزہ شہباز عید الفطر کی سرکاری تعطیلات اور قطر میں ہونے کے باوجود متحرک رہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی کومری جانے والے راستوں پر ٹریفک جلد بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائے،مجھے کسی شہر سے اس ضمن میں شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہو گی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ساڑھے 3برس بعد قطر میں اپنی والدہ محترمہ سے ملاقات کی او ران کے ساتھ وقت گزارا۔