اسلام آباد: تحریک انصاف رہنماوں پر دائر مقدمات پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماوں شہباز گل اور فواد چوہدری کی توہین مذہب مقدمات کے اندراج پر حفاظی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے شہباز گل کو امریکا سے وطن واپسی پر گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جس دن مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم والا واقعہ ہوا اس روز شہباز گل امریکا میں تھے لیکن فیصل آباد مسیت دیگر شہروں میں مقدمات درج کیے گئے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ خطرہ ہے کہ شہباز گل کو امریکا سے وطن واپسی کر گرفتار کرلیا جائیگا اسی لیے شہباز گل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی ہے ایک ہی واقعے کی متعدد ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں، پاکستانی قوانین کے مطابق ایسا نہیں ہو سکتا ہے۔
وکیل پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اسکور برابر کرنے کیلئے ایسا کیا جارہا ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ کے سرکلر کا ہمیں آج فائدہ ہوا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گرفتاری نہ کی جائے، پی ٹی آئی رہنماوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایسی مہم چلائی جا رہی ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کے دلائل سننے کے بعد حکومت کو شہباز گل کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کے خلاف آئندہ سماعت تک کارروائی نہ کی جائے۔
فواد چودھری کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں،واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں فواد چوہدری اور شہباز گل نے توہین مقدمات اندارج کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کیلیے پیر کو الگ الگ درخواستیں دائر کیں جن کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے عدالت کو چھٹی والے روز کھولا گیا،درخواست گزاروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں ہراساں کرنے سے روکا جائے اور ہمارے خلاف ایف آئی آرز کو ریکارڈ پر رکھا جائے۔درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ صرف انہیں ہی نہیں بلکہ ان کے گھر والوں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے، فوجداری مقدمات کے اندراج کی وجوہات عدالت معلوم کرے اور حکومت درخوست گزاروں کیخلاف کاررروائی سے پہلے عدالت کو مطمئن کرے، شہبازگل کی حفاظتی ضمانت منظور کرکے وطن واپسی پر گرفتاری سے روک دیا گیا۔۔
واضح رہے کہ مسجد نبوی میں وفاقی کابینہ کے ساتھ پیش آئے واقعے کے بعد عمران خان اور فواد چوہدری سمیت 150 افراد کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جب کہ سابق وزیر شیخ رشید کے بھتیجے رکن قومی اسمبلی راشد شفیق کو اس سلسلے میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی حفاظتی ضمانت قبول کرلی۔ فواد چودھری کی گرفتاری اسپیکر اسمبلی کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکتی، عدالت نے اگلے ہفتے تک حکومت کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روک دیا ہے