شہباز شریف کی ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات

318

دبئی (صباح نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہفتے کو اپنے ایک روزہ دورے میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ولی عہد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کاشاہی محل قصر الشاطی میں پرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امارات کے درمیان تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ابوظہبی کے ولی عہد نے ملاقات میں مستقبل میں پاکستان کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے پرتپاک خیرمقدم اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں امارات کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکانٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ابوظہبی پہنچنے پر شیخ محمد بن زاید نے شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔ ابوظہبی ائر پورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عود آل نعیمی نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔