اسلام آباد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہنوازشریف، شہباز شریف اور حمزہ سمیت7 افراد مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں‘ میری جان کو خطرہ ہے‘ میں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی ایم آئی کو درخواست دی ہے جس میں7 لوگوں کے نام دیے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے‘ یہ رانا ثنا اللہ کے ذریعے گند ڈالنا چاہتے ہیں‘ آصف زرداری یہی چاہتا تھا پنجاب میں گند ڈالے، یہ تحریک سے پہلے شیخ رشید اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں‘ مجھے خوشی ہے میرے بھتیجے کو جھوٹے کیس میں گرفتار کیا گیا‘ اگر مریم اورنگزیب یہ کہہ دے کہ راشد شفیق اس دن وہاں موجود تھا‘ تو اس کو میں قبول کروں گا‘ میرا ایک نہیں دوسرا، تیسرا بھتیجا بھی لے جاؤ‘ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے میرا نام تو دینا ہی تھا، عمران خان جیسا آدمی جو ننگے پاؤں روضہ رسولؐ پر جاتا ہے اس کا نام بھی مقدمہ دے دیا‘ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے‘ جو بھی حرمین شریفین کی تضحیک کرے ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں‘ یہ سارا کام روضہ رسولؐ سے باہر ہوا ہے‘ یہ کل بکتر بند گاڑیوں میں گئے ہیں تو وہاں بھی ان کو چور بولا گیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں تو پہلے کہتا تھا ن سے ش لیگ نکلے گی‘ اس وقت تو ش لیگ کی حکومت ہے‘ دنیا میں کوئی باپ بیٹا ایسا نہیں جن پر فرد جرم لگنی تھی ‘ وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہیں، 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے اور عمر قید کی سزاؤں میں ہے‘ ان چوروں نے 40 ارب روپے نگلے ہوئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ مجھے مارنا چاہتے ہیں اور عمران خان کے لانگ مارچ کو فیل کرنا چاہتے ہیں‘ میں نے گزشتہ روز تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور حمزہ شریف سمیت 7 لوگوں کو نامزد کیا ہے اور بتایا ہے کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں‘میں نے وقت سے پہلے لکھ کر دے دیا ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو یہ لوگ ذمہ دار ہوں گے۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مئی کا مہینہ خطرناک اور خوفناک ہے‘ لوگ عمران خان کی کال پر آ رہے ہیں‘ چاند رات کو بھی لوگ جھنڈے لے کر نکلیں گے۔