مسجد نبویﷺ واقعے کی منصوبہ بندی عمران خان کے حکم پر ہوئی، مریم اورنگزیب

433
General elections

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ واقعہ کی پوری منصوبہ بندی عمران خان کے حکم پر ہوئی، میں نے خود دیکھا کہ یہ لوگ اشارے کر کر کے نعرے لگوا رہے تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  وہاں لوگوں کو اشارے کر کے نعروں پر اکسایا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین وزیراعظم ہاوس سے بم پروف گاڑی بھی ساتھ لے گئے، پہلی بار سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا یہ ریاست مدینہ بنانے کے دعوے دار تھے، یہ اپنی گندی ذہنیت کا گند اٹھا کر مسجد نبویﷺ لے گئے، انہوں نے وہاں لوگوں کو اکسایا، لوگوں کو اشتعال دلایا، آپ نے مسجد نبویﷺ میں ایک خاتون کو گالیاں پڑوائیں، اس مقدس مقام کو آپ نے اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مقام کی بے حرمتی کرنا ان کے سر پڑ گیا، جب یہ لوگ مجھے وہاں گالیاں دلوا رہے تھے میں نے وہاں بھی ان کے لیے ہدایت کی دعا کی۔ان کہنا تھا کہ عمران خان کے 4 لوگ تو لوگوں کو اکسا کر راتوں رات لندن چلے گئے مگر غریب لوگ سعودی عرب میں عمران خان کی وجہ سے گرفتار ہوچکے ہیں، ان کے پاسپورٹ کینسل ہو رہے ہیں، وہ لوگ قانون کے شکنجے میں ہیں۔