میرے فوج کے ساتھ تعلقات تھے،ہیں اور رہیں گے،شیخ رشید

228

راولپنڈی (صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ5 شکلیں دنیا میں جہاں بھی جائیں گی انہیں گندے انڈے پڑیں گے‘میرے فوج کے ساتھ تعلقات تھے‘ ہیں اور رہیں گے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اب ڈیزل نہیں مل رہا ہے‘ 10سے 12روپے چینی مہنگی کردی‘ گھی15روپے مہنگا ہوگیا، جو الزامات ہم پر تھے اب یہ ان پر پڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے اب ہم ان کو کہتے ہیں، یہ سلیکٹڈ بھی ہیں اور امپورٹڈ بھی ہیں، امپورٹڈ گالی اتنی مشہور ہوگئی ہے کہ یہ ہمیں کہتے تھے کہ الیکشن کرائو اور اب ہم کہتے ہیں الیکشن کرائو۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت تشویش ناک ہے، پنجاب میں منحرف ارکان نااہل ہوجائیں گے تو نیا کٹا کھل جائے گا‘ ملک کی سیاسی صورت حال کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا احترام ہونا چاہیے‘ روضہ رسولؐ پر جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا‘ جمہوریت سوا نیزے پر کھڑی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان پر برا وقت
آیا ہے، عمران خان کو ایسے وقت میں چھوڑنا غداری سمجھتا ہوں‘ خان کہے گا توالیکشن لڑوں گا‘ حمزہ شہباز بچوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ اتنی تشویش ناک صورت حال میں خاموش تماشائی بنا رہا جائے، یہ جو18جماعتیں داتا درباری تعویز سے اکٹھی ہوئی ہیں‘ ان کی اکثریت 2 ووٹوں سے بنی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی سیاسی صورت حال کو شدید قسم کے خطرات ہیں، میں سارے اداروں سے اپیل کرتا ہوں، پاک فوج کا احترام ہونا چاہیے، پاک فوج کا جوان پاکستان کی سرحدوں اور چوک چوراہوں کا بھی ضامن ہے۔