لاہور (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو برداشت کرنا اور دلیل سے بات کرنے میں ہماری بقاء ہے۔جو بھی استعفیٰ دے گا سامنے بٹھا کر اس سے استعفیٰ لکھوایا جائے گا اور یہ بھی پوچھا جائے گا کہ آپ پر کوئی پریشر تو نہیں تھا ،پارلیمان کے فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہیے،جلد الیکشن کے معاملات الیکشن کمیشن اور حکومت کو دیکھنے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ایک آئینی ذمے داری پورے کرنے لاہور آیا تھا،خوش اسلوبی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف ہوگیا ہے، مجھے یقین ہے پاکستان کی قوم آئین پاکستان کی حفاظت کرے گی،ہمیں اخلاقیات کے اندر رہ کر چلنا ہے اور سب کو مل کر پاکستان کو بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور آئین کے تقدس کو بحال رکھنا سب کی ذمے داری ہے، جو آئین کے ساتھ نہیں چلتا اس سے پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں، ہر ایک کو آئین پاکستان کی پاسداری کرنی چاہیے، میں اس وقت اسپیکر ہوں اور اسپیکر تمام ہاؤس کا اسپیکر ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو استعفے میرے پاس آئے ہیں اورجن استعفوں پرشکوک ہیں ان کو دوبارہ چیک کرنا چاہتا ہوں۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں ہی ہماری فلاح ہے ،آئین کے ساتھ جڑ کے کھڑے ہونا ہوگا۔یقین ہے پاکستانی قومی آئین پاکستان اور تمام اداروں کیساتھ کھڑی رہیگی۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔