حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری دیکھ کر گورنر پنجاب بوکھلا گئے

385

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر ہائوس لاہور میں ہفتے کے روز نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کی حلف برداری کی منعقدہ تقریب کے موقع پر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ بوکھلا گئے اور انہوں نے حلف برداری کی تقریب کے انتظامات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر صدر مملکت عارف علوی سے رابطہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر پنجاب نے صدر مملکت سے رابطہ کر کے انہیں بتایا کہ گورنر ہائوس پر پنجاب پولیس کے ذریعے غنڈوں نے قبضہ کرلیا، فوری طور پر صدر مملکت رینجرز کی نفری بھجوائیں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ اجازت کے بغیر گورنر ہائوس میں سیکڑوں اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہائوس پر انتظامی طور پر آئین شکنی کی گئی، گورنرہائوس میں ہونے والی کسی سرگرمی کو گورنر کی اجازت حاصل نہیں۔ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ عمر عطا بندیال سے درخواست کی ہے کہ وہ گورنرہائوس لاہورپر حملے، قبضے اور غنڈہ گردی کا فوری نوٹس لیں۔