صدر مملکت کا چینی عوام و حکومت سے اظہار یکجہتی کیلیے سفارتخانے کا دورہ

263
اسلام آباد:صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی ناظم الامور پینگ چنکسوملاقات کے دوران محو گفتگو ہیں

اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہفتے کو چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور 26اپریل 2022ء کو کراچی میں رونما ہونے والے دہشت گرد ی کے حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چونچوئی اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ پر پوری پاکستانی قوم کو گہرا رنج اور صدمہ ہے اور وہ اپنے چینی بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس گھنائونے واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔صدر مملکت نے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دشمنوں کے مخاصمانہ عزائم اس کے پیچھے ہیں جو پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچا نا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے ان عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی استوار ہے اور وہ سدا بہار دوستی کو مزید تقویت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔